
امریکا نے پاکستان میں خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام دہشتگرد حملوں سے بہت زیادہ متاثر ہوئی۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی بلا خوف و خطر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے مستحق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے متمنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کے ساتھ کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری ہے، ان میں دہشتگرد گروہوں کی فہرست، عالمی حکمت عملی سمیت متعدد امور شامل ہیں۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ سال کے ابتدا میں مشترکہ دہشتگردی خطرات پر ایک ڈائیلاگ میں تبادلہ خیال ہوا، سرحدی حفاظت، دہشتگردوں کی مالی معاونت جیسے مسائل پر تعاون کیلئے حکمت عملی پر بات ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی بہتر طریقے سے مدد کیلئے کام جاری رکھیں گے۔