
بالی ووڈ کے سینئر اداکار آفتاب شیو ڈیسانی کے وائی سی فراڈ ( سائبر فراڈ) کا شکار ہوگئے، انہیں ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
اس حوالے سے پولیس نے منگل کو بتایا کہ آفتاب شیو ڈیسانی کے ساتھ فراڈ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب انہیں ایک ٹیکسٹ میسیج موصول ہوا جس میں ان سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنا Know Your Customer (کے وائی سی) تفصیلات جو کہ ایک بڑے نجی بینک سے لنک ہے اسے اپ ڈیٹ کریں۔
ممبئی کی باندرہ پولیس کے ایک آفیشل کے مطابق اتوار کو پیش آنے والے واقعے کا پیر کو کیس درج ہوا، پولیس کے مطابق اداکار کو ایک نامعلوم موبائل فون نمبر سے یہ پیغام ملا تھا۔
پیغام میں آفتاب کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنے کے وائی سی تفصیلات جو کہ بینک سے لنک ہے اسے اپ ڈیٹ کریں، ایسا نہ کرنے کی صورت میں انکا اکاؤنٹ معطل ہوجائےگا۔
جس پر آفتاب شیو ڈیسانی نے ٹیکسٹ میسیج میں موجود لنک کو کلک کر دیا۔ اور جب انہوں نے ہدایت پر عمل شروع کیا تو انہیں ایک پیغام موصول ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ 49 ہزار اور 999 روپے منہا کرلیے گئے ہیں، جس پر انہوں نے بینک کے منیجر سے رابطہ کرکے ساری صورتحال سے آگاہ کیا اور منیجر کے مشورے پر پولیس کے پاس شکایت درج کروائی۔
واضح رہے کہ 45 سالہ آفتاب شیو ڈیسانی نے فلمی کیریئر تو 1987 میں چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے شروع کیا لیکن بطور بالغ اداکار وہ 1999 میں رام گوپال ورما کی فلم مست میں نظر آئے، جس کے بعد ہنگامہ (2003) اور مستی (2005) سمیت متعدد فلموں میں کام کیا۔