عالمی برادری تنازعہ کشمیرکےحل میں اپناکرداراداکرے(مریم بگٹی)

47

دبئی میں پاکستانی کمیونٹی نے یوم سیاہ کشمیرمنایا۔

قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی میں خصوصی تقریب کاانعقاد

دبئی(اردوویکلی)::قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، دبئی میں آج ’’یوم سیاہ کشمیر‘‘ کے موقع پر ایک کمیونٹی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ دبئی اور شمالی امارات میں پاکستان کی قائم مقام قونصل جنرل محترمہ مریم بگٹی نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب کے دوران صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے ’’یوم سیاہ‘‘ پر خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
کشمیری رہنمائوں اور کمیونٹی کے ارکان نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مقصد کے حصول تک بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اخلاقی اور قانونی طور پر مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو حق خود ارادیت دینے کا پابند ہے، جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرکے اپنا کردار ادا کرے۔اپنے ریمارکس میں محترمہ مریم بگٹی نے کہا کہ 1947 سے یہ دن کشمیریوں کی مرضی کے خلاف سری نگر میں اپنی فوج اتار کر جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کرنے کی بھارتی غیر قانونی کارروائی کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ تقسیم کا منصوبہ اس کے بعد سے ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج تک جاری بھارتی اقدامات اور مظالم کی مذمت کی جائے۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی میڈیا اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی حالت زار کا نوٹس لیں جنہیں بھارتی مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قائم مقام قونصل جنرل نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اٹھایا ہے اور اقوام متحدہ اور اس کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب کے دوران ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عکاسی کی گئی۔ تقریب کے موقع پر تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداء کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے جلد حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }