میکسویل نے ڈبل سنچری بناکر افغانستان کے منہ سے جیت چھین لی

48
میکس ویل نے 201 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی - فوٹو: اے ایف پی
میکس ویل نے 201 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی – فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 39ویں میچ میں گلین میکس ویل نے ناقابلِ شکست ڈبل سنچری بنا کر افغانستان کے منہ سے جیت چھین لی۔ اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے سیمی فائنل کےلیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

افغانستان کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بولرز نے ابتدا میں کینگروز کو بھی دبوچ لیا۔ پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے 7 کھلاڑی صرف 91 پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ 

مچل مارش 24، ڈیوڈ وارنر 18، مارنس لبوشین 14، مارکس اسٹوئنس نے 6، مچل اسٹارک نے 3 جبکہ جوش انگلس اور ٹریوس ہیڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ 

سات وکٹیں گرنے کے بعد میکسویل نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ ٹیم کو ریسکیو کرنا شروع کیا اور ایسا ریسکیو کیا کہ جیت کے پار ہی پہنچادیا۔ 

قسمت بھی میکسویل پر مہربان رہی، انکے دو آسان کیچز ڈراپ ہوئے جبکہ ایک مرتبہ انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا لیکن ریویو کے بعد وہ محفوظ رہے۔

میکسویل نے 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انکی اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے۔ 

گلین میکسویل نے پیٹ کمنز کے ساتھ 202 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، اس شراکت داری میں آسٹریلوی کپتان نے 68 گیندوں کا سامنا کرکے 12 رنز بنائے۔ 

افغانستان کی جانب سے نوین الحق، عظمت اللّٰہ عمرزئی اور راشد خان نے دو دو وکٹیں لیں۔

واضح رہے کہ ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

رحمان اللّٰہ گرباز اور ابراہیم زادران نے اننگز کا آغاز کیا، افغانستان کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں 38 رنز پر گری جب رحمان اللّٰہ گرباز 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں ابراہیم زادران اور رحمت شاہ نے محتاط لیکن اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 121 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 24.4 اوورز میں رحمت شاہ 30 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رحمت کے بعد حشمت نے ابراہیم زادران کا ساتھ دیا، دونوں کے درمیان 52 رنز کی پارٹنر شپ بنی، تاہم کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی 26 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 

نئے آنے والے بلے باز عظمت اللّٰہ عمرزئی نے 22 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ان کے بعد آنے والے محمد نبی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

وکٹ کی دوسری جانب موجود ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ اننگز جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کی۔ واضح رہے کہ یہ کسی بھی افغانی کھلاڑی کے ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈکپ میں پہلی سنچری تھی۔

ابراہیم زادران نے 129 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انکی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ 

اننگز کے اختتامی لمحات میں راشد خان نے 18 گیندوں پر  35 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ مچل اسٹارک، گلین میکسویل اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گلین میکس ویل کو تاریخی ڈبل سنچری اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }