سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں کرسمس تقریب کااہتمام
مسیحی برادری کی بڑی تعدادمیں شرکت،کرسمس کاکیک کاٹاگیا
سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی کی جانب سے پاکستانی مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس منانے کے لیے تقریب کا اہتمام۔۔۔
خواتین ،بچوں،نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعدادمیں شرکت۔
ابوظہبی(اردوویکلی)::متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس منانے کے لیے سفارت خانہ کےاحاطے میں ایک سادہ مگرپروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر خواتین، بچوں اور بزرگوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کرسمس کی تقریبات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور بین المذاہب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مسیحی برادری تارکین وطن کا ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار اداکیا۔ سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور حکومت کی ملک میں 200 سے زائد قومیتوں کی میزبانی کرنے اور انہیں روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ امن اور رواداری کے کلچر کی تعریف کی۔اس موقع پر چرچ آف پاکستان کے پاسٹر روفس کھوکھر اورسکریٹری جنرل(پی ایم آرسی)روحیل ظفر شاہی نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پرسفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کیک کاٹنے کی تقریب میں تمام شرکاء کے ساتھ شرکت کی۔ مسیحی برادری کے عمائدین نے سفارت خانہ میں تقریب کے انعقاد پرسفیرپاکستان کاشکریہ اداکیا۔