ایئرعربیہ ابوظہبی کی قازقستان کے لیے نئی پرواز، 3 جون سے خدمت کا آغاز
ابوظہبی(اردوویکلی):: ایئرعربیہ ابوظہبی نے قازقستان کے شہر آلماتی کے لیے نئی براہِ راست پرواز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پروازیں زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 3 جون 2025 سے ہفتے میں تین دن چلائی جائیں گی۔
ایئرعربیہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل العلی نے کہاکہ، "ہم آلماتی کے لیے اپنی نئی سروس کا آغاز کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں، جو زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہماری بین الاقوامی رسائی کو مزید وسعت دے گی۔ یہ نیا روٹ مسافروں کو کم قیمت اور قابلِ بھروسا سفری سہولت فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے، اور ابوظہبی کو اہم عالمی منڈیوں سے جوڑنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔”اس مو قع پر انہوں نے مزید بتایا کہ، "ہم ابوظہبی کو سیاحت اور کاروبار کے لیے ایک اہم مرکز بنانے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور کم قیمت سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ مسافروں کو زیادہ سہولت اور انتخاب فراہم کیا جا سکے۔”
آلماتی کے اضافے کے بعد، ایئرعربیہ ابوظہبی زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے براہِ راست 30 مقامات پر پروازیں چلاتی ہے، جو مسافروں کو علاقائی اور بین الاقوامی سفر کے لیے وسیع تر اختیارات فراہم کرتا ہے۔
آلماتی اپنے دلکش قدرتی مناظر، مصروف بازاروں اور گہری ثقافتی وراثت کے لیے جانا جاتا ہے، اور یہ شہر تفریح اور کاروبار دونوں کے لیے بہترین منزل ہے۔