پی آئی اے فجیرہ کے لیے پروازیں شروع کرنے والی پہلی بین الاقوامی ایئرلائن
فجیرہ (اردوویکلی):: پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے لیے فلائٹس شروع کرنے والی پہلی بین الاقوامی ائیرلائن بن گئی۔ پی آئی اے کی جانب سے جاری کیئے گئے اعلامیے کے مطابق قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز پشاور سے 168 مسافروں کو لے کر جمعرات کی دوپہر فجیرہ پہنچی۔ فجیرہ کے ہوائی اڈے پر فجیرہ کے شاہی خاندان کے ارکان اور دیگر اعلٰی حکام نے پی آئی اے کی پرواز کا استقبال کیا فجیرہ آنے والی پی آئی اے کی پہلی پروازکے مسافروں میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیرمارشل (ر)ارشدملک بھی شامل تھے ائرلائن کے مطابق پی آئی اے کی پروازیں فجیرہ کے امیر کی خصوصی درخواست پر شروع کی گئی ہیں۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ریاست فجیرہ کے لیے پرواز چلانے والی پہلی بین الاقوامی ایئرلائن بن گئی ہے۔ پی آئی اے کی پروازوں کے لیے خصوصی انتظامات کے تحت 15 منٹ کے اندر تمام مسافروں کی امیگریشن مکمل کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق ’پی آئی اے کے مسافروں کے لیے خصوصی بسوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے جو پی آئی اے کی ان پروازوں میں سفرکرنے والے مسافروں کودوسرے شہروں تک بلا معاوضہ رسائی فراہم کریں گی۔پی آئی اے کی پہلی پروازکی فجیرہ آمد پر فجیرہ ایئرپورٹ پر روایتی استقبالی رقص بھی پیش کیا گیا۔