پل سے ٹکرانے کے بعد کار میں آگ لگنے سے پورا خاندان ہلاک

39

نئی دہلی: بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں کار حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک ہی خاندان کے  5 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور سے تقریباً 85 کلومیٹر مغرب میں واقعہ ضلع راجنند گاؤں میں سنگارپور کے نزدیک پیش آیا،  حادثے کے بعد کار میں آگ لگنے کے باعث اس میں سوار ایک ہی خاندان کے کم از کم 5 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس اہلکار نے تصدیق کے بعد بتایا کہ راجنندگاؤں خیراگڑھ  شاہراہ پر سنگارپور گاؤں کے نزدیک کار میں آگ لگنے کے باعث اس میں سوار 4 خواتین سمیت ایک خاندان کے 5 افراد زندہ جل گئے ہیں۔

 پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کار اچانک توازن کھونے کے بعد ایک پل سے ٹکرا کر الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی، آگ کے شعلوں نے کار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور مسافر اس سے نکل نہ سکے۔

پولیس نے کہا کہ متاثرین کی شناخت ایک جوڑے اور ان کی 3 بیٹیوں کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے۔

پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں اوور لوڈنگ، سڑکوں کی خراب حالت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی وجہ سے ہونے والے جان لیوا سڑک حادثات عام ہیں۔

بھارتی حکام کے مطاقب بھارت بھر میں تقریباً نصف ملین سڑک حادثات میں ہر سال تقریباً 1 لاکھ 50 ہزارافراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔

بھارت کے وفاقی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے گزشتہ سال کہا تھا کہ حکومت نے 2024 تک سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کو 50 فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }