انگلینڈ کے بہترین گیند بازوں میں سے ایک جیمز اینڈرسن نے ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ میں ایک تقریب میں ایسیکس کے خلاف لنکاشائر کے کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ سے قبل حسن علی کو کاؤنٹی کیپ سے نوازا۔
تفصیلات کے مطابق حسن علی اور جیمز اینڈرسن اس سے قبل چیمپئین شپ میں بطور جوڑی بولنگ کر چکے ہیں۔
پاکستانی بولر نے 17.5 کی حیران کن اوسط سے 24 وکٹیں حاصل کیں۔
حسن علی کو اس سے قبل لیسٹر شائر، سرے، کینٹ اور گلوسٹر شائر کے لیے کھیلنے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن وہ معاہدے پر دستخط کرنے کو تیار نہیں تھے۔
تاہم نکاشائر کے ساتھ ایک مختصر وقت کا موقع ان کے لیے موزوں تھا اور انہوں نے اب تک بہت زیادہ کامیابی حاصل کی ہے۔
Advertisement
حسن علی نے کہا کہ جب میں نے سنا کہ میں لنکاشائر کے لیے کھیلنے جا رہا ہوں، میرے ذہن میں سب سے پہلی چیز جمی اینڈرسن آئی اور میں نے فیصلہ کیا کہ میں جمی بھائی سے سیکھنے جا رہا ہوں کہ وہ اتنے عرصے سے اتنے شاندار کیسے رہے ہیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر نے کہا کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا محرک اس حقیقت سے آیا کہ لیجنڈ وسیم اکرم نے اپنے کاؤنٹی کے تجربے سے بہت کچھ سیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہم نے بچپن سے کاؤنٹی کرکٹ کے بارے میں سنا ہے، مجھے لنکاشائر کی بدولت موقع ملا یہ ایک خواب کے سچ ہونے کی طرح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم نے مجھ سے کہا کہ آپ کو کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے جانا چاہیے اور آخر میں، میں یہاں ہوں اور یہ حیرت انگیز ہے۔
پہلے چھ کاؤنٹی میچز کھیلنے کے بعد حسن علی وطن واپس روانہ ہوں گے،اینڈرسن نے کہا کہ وہ مستقبل میں انہیں انگلینڈ کی سرزمین پر واپس دیکھنا چاہیں گے۔
جیمز اینڈرسن نے مزید کہا کہ حسن علی ایک مکمل لیجنڈ، عظیم آدمی، عظیم بولر ہیں وہ بہت تیز ہے، اس کے پاس مہارت ہے۔
واضح رہے کہ حسن علی نے پاکستان کے لیے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا اور اب تک انہوں نے 19 میچوں میں 74 وکٹیں حاصل کیں۔