امریکا، فلوریڈا میں 2 سالہ بچے نے باپ کو گولی مار دی

67

امریکی ریاست فلوریڈا میں دو سالہ بچے نے کھیل کے دوران اپنے باپ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 26 مئی کو 911 پر کال موصول ہونے پر پولیس اہلکار اورلینڈو کے قریب واقع گھر میں داخل ہوئے تو انہوں نے بچے کی ماں میری کو اپنے شوہر ریگی میبری کو سی پی آر (مصنوعی طریقے سے تنفس بحالی) دیتے ہوئے دیکھا۔ زخمی شخص کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ ہسپتال پہنچنے کے کچھ دیر بعد ہی دم توڑ گیا۔

اورنج کاؤنٹی کے شیرف جان مینا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ابتدائی طور پر خیال تھا کہ 26 سالہ نوجوان نے خود کو گولی مار لی تھی تاہم مقتول کے بڑے بیٹے نے تفتیش کاروں کو بعد میں بتایا کہ اس کے دو سالہ بھائی سے غلطی سے پستول چل گیا تھا۔ پستول ایک بیگ میں تھا جسے مقتول ریگی میبری نے زمین پر لاپروائی سے چھوڑ دیا تھا۔ بچے نے بیگ سے پستول نکالا اور اپنے باپ کو اس وقت کمر میں گولی مار دی جب وہ کمپیوٹر پر وڈیو گیم کھیل رہا تھا۔

Advertisement

شیرف جان مینا نے مزید بتایا کہ دونوں والدین بچوں کو نظرانداز کرنے اور منشیات کے استعمال کے متعدد جرائم کے بعد پیرول پر رہا ہوئے تھے۔ ان چھوٹے بچوں نے اپنے والدین کو کھو دیا ہے، ان کا باپ ہلاک ہو چکا ہے جبکہ ماں جیل میں ہے۔ ایک چھوٹے بچے کو اب اپنی زندگی اس صدمے کے ساتھ گزارنی ہے کہ اس نے اپنے باپ کو گولی مار دی۔

امریکا میں ایسے واقعات غیر معمولی نہیں ہیں۔ اگست 2021ء میں پیش آئے ایک واقعے میں دو سالہ بچے نے اپنی ماں کے سر میں اس وقت گولی مار دی تھی جب وہ ایک  وڈیو کانفرنس میں شریک تھی۔

امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حالیہ واقعات کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے قانون سازوں سے اسلحے کی روک تھام کے لیے سخت قوانین منظور کرنے کی اپیل کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }