صدر آصف علی زرداری کی دبئی میں شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات
صدرپاکستان آصف علی زرداری کی متحدہ عرب امارات کے نائب صدرووزیر اعظم اورحاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات۔

دبئی(اردوویکلی):: صدراسلامی جمہوریہ پاکستان جناب آصف علی زرداری نے گزشتہ روز زعبیل پیلس دبئی میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر زرداری نے ہز ہائینس شیخ محمدبن راشدالمکتوم کو دبئی کے حکمران کی حیثیت سے دو دہائیوں کی قیادت پر مبارکباد دی اور دبئی کی سیاحت، مالیات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے عالمی مرکز میں نمایاں تبدیلی کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے دبئی کے ترقیاتی تجربے خاص طور پر بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات سے فائدہ اٹھانے پر تبادلہ خیال کیا، ۔
صدر نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات بشمول سرمایہ کاری کی سہولت اور نجکاری پر روشنی ڈالی اور یو اے ای کے ساتھ انفراسٹرکچر کی ترقی، لاجسٹکس، فوڈ سیکورٹی اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کااعادہ کیا ۔ صدر زرداری نے عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
دونوں اطراف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا،اس موقع پرصدرمتحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورہ پاکستان کاذکرکیاگیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے عوام سے عوام کے روابط کو مضبوط بنانے میں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے گراں قدر تعاون کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات میں خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی جناب بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرشفقت علی خان بھی موجودتھے