سعودی عرب، مناسکِ حج کا آغاز ہو گیا، 10 لاکھ مسلمان فریضہ ادا کر رہے ہیں

285

مناسک حج کا آغاز آج بروز جمعرات سے ہو گیا ہے۔ رواں برس 10 لاکھ مقامی اور غیرملکی عازمین فریضہء حج ادا کر رہے ہیں۔

لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ آج زائرین منیٰ میں واقع خیموں کے شہر کا رخ کر رہے ہیں جو مسجد الحرام سے لگ بھگ پانچ کلومیٹر فاصلے پر جبل عرفات کے سامنے واقع ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں پیغمبر اسلام ﷺ نے آخری خطبہ دیا تھا۔ منیٰ کے خیمے فائر پروف مواد سے تیار کردہ اور اے سی کے جدید ترین سسٹم سے آراستہ ہیں۔

سعودی حکومت زائرین حج کی صحت اور سکیورٹی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔ زائرین کی سہولت کے لیے سعودی وزارت صحت نے مکہ اور مدینہ میں 23 ہسپتال اور 147 طبی مراکز قائم کیے ہیں۔ منیٰ میں بھی 26 طبی مراکز تیار ہیں جہاں انتہائی نگہداشت کے لیے 100 بستر جبکہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والوں کے لیے 200 بستر موجود ہیں جبکہ حجاج کی دیکھ بھال کے لیے وہاں طبی عملے کے 25 ہزار افراد موجود ہیں۔

حج 1443ھ  کے لیے آج 8 ذی الحجہ 1443ھ بمطابق 7 جولائی 2022ء کو زائرین منی پہنچے ہیں جہاں وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے۔ حجاج کرام 9 ذی الحجہ کو نماز فجر ادا کرکے میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف ادا کریں گے۔

Advertisement

حاجی حضرات 10، 11 ، 12 اور 13 ذی الحجہ کو بھی منیٰ میں رہیں گے۔ بیشتر حاجی 12 ذی الحجہ کو منیٰ سے نکل جائیں گے ایک تہائی کے لگ بھگ باقی ماندہ حاجی 13 ذی الحجہ کو منیٰ سے رخصت ہوں گے۔ سعودی ریلوے لائن کمپنی سار نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حاجیوں کی آمدورفت کے لیے ٹرین انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ان مقامات پر ٹرین کے 9 اسٹیشن ہیں۔ تین عرفات، تین مزدلفہ اور تین منیٰ میں ہیں جبکہ آخری اسٹیشن جمرات پل کی چوتھی منزل پر ہے۔

حج و عمرہ قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے کہا ہے کہ اس سال منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں اندرون مملکت سے حج کرنے والے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں  کے خیموں کی نگرانی کے لیے پانچ ہزار سیکیورٹی گارڈز تعینات کیے گئے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس مرتبہ روبوٹ گائیڈ زائرین کو حج اور عمرے کے طریقے سے آگاہ کرنے کے علاوہ 11 زبانوں میں سوالات و جوابات کا فوری ترجمہ بھی فراہم کرے گا۔ روبوٹ گائیڈ اردو، عربی، انگریزی، فرانسیسی، روسی، فارسی، ترکی، ملاوی، بنگالی، چینیِ اور ہوساوی سے لیس ہے جس کی ٹچ اسکرین 21 انچ کی ہے اور اس سے متعدد کام لیے جا سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }