امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
40 سالہ سرینا ولیمز نے اپنے کیرئیر کے دوران 23 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتے اور مارگریٹ کورٹ کے آل ٹائم 24 گرینڈ سلیم ٹائٹل کے ریکارڈ سے ایک قدم دور ہیں، ٹینس اسٹار نے اعلان کیا کہ وہ اس سال کے یو ایس اوپن کے بعد ریٹائر ہوجائیں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ میں ٹینس چھوڑ کر زیادہ ضروری چیزوں کی جانب بڑھنا چاہتی ہوں۔
امریکی ٹینس اسٹار نے بتایا کہ وہ فوری طور پر ریٹائر نہیں ہو رہی بلکہ اگست میں شیڈول یو ایس اوپن کھیلنے کے لیے پر امید ہیں جبکہ وہ اگلے ہفتے ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن کا بھی حصہ بننا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کا تصور کرنا ہی میرے لیے بہت مشکل تھا، میں کھیل کو چھوڑنا نہیں چاہتی تھی مگر میں اب اپنے خاندان اور کاروبار پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہوں۔
Advertisement
امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کا مزید کہنا تھا کہ میں اب اپنے شوہر اور 5 سالہ بیٹی کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہوں جبکہ میں اب ایک اور بچے کی خواہش مند بھی ہوں۔
Advertisement