افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کو ایک سال مکمل
افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کو ایک سال مکمل ہونے پر دارالحکومت کابل میں جشن کا سماں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آج بروز بدھ افغانستان میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ دارلحکومت کابل میں چراغاں بھی کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تمام تر پابندیوں اور انسانی بحران کے باوجود افغانستان کے بہت سے شہریوں کا ماننا ہے کہ وہ غیر ملکی افواج چلی گئی ہیں جن کی وجہ سے طالبان کی شورش میں اضافہ ہوا تھا۔
Advertisement
کابل کے رہائشی زلمے کہتے ہیں کہ ’ہم خوش ہیں کیونکہ کافروں سے نجات مل گئی ہے اور اسلامی امارات وجود میں آئی ہے‘۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو لہرانے والے بینرز میں تین سلطنتوں کے خلاف فتوحات کا ذکر کیا گیا ہے جن میں برطانیہ اور سوویت یونین بھی شامل ہیں۔
Advertisement
اس دن کے موقع پر افغانستان کی سرکاری عمارتوں پر طالبان کے سفید جھنڈے بھی بڑی تعداد میں لگائے گئے جب کہ منگل کی رات کابل میں چراغوں کے ساتھ آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا تھا۔
مسعود اسکوائر جہاں کبھی امریکی سفارت خانہ ہوا کرتا تھا، وہاں طالبان جنگجوؤں نے جھنڈے لہرائے اور امریکہ مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
علاوہ ازیں طالبان کی جانب سے امریکی سازو سامان کی نمائش بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 20 سال تک جاری رہنے والی جنگ کا اختتام گذشتہ سال 31 اگست کو ہوا تھا جب امریکی فوج نے افغانستان سے اپنی فوج کا انخلا شروع کیا تھا۔
اس جنگ میں 66 ہزار سے زائد افغان جنگجو اور 48 ہزار کے قریب عام شہری جاں بحق ہوئے جب کہ 2 ہزار 461 امریکی فوجی اور نیٹو کے رکن ممالک کے 3 ہزار 500 فوجی بھی ہلاک ہوئے تھے۔
Advertisement