انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ مستقبل قریب میں جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کو پلیئر کوچنگ کے کردار کی پیشکش کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اگر جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ اس پیشکش کو قبول کر لیتے ہیں تو انگلینڈ کے موجودہ باؤلنگ کوچ جون لیوس بھی ای سی بی کے ساتھ اپنی خدمات میں رد وبدل کے لیے تیار ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کا طویل المدتی منصوبہ ہے کہ لیوس کو مستقل طور پر تبدیل کرنے کے بجائے اینڈرسن اور براڈ کے علم سے استفادہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ مئی میں اپنی تقرری کے بعد سے میک کولم نے ٹیسٹ سائیڈ میں شامل بیک روم عملے کی تعداد کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔
میک کولم کے مطابق اینڈرسن اور براڈ دونوں کو پلیئر کوچ کے کردار کے طور پر ‘ٹرائل’ کیا جا سکتا ہے جب انگلینڈ فروری میں دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ جائے گا۔
Advertisement
میک کولم نے مزید کہا کہ یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کا حصہ نہیں ہے، یعنی انگلینڈ ان دونوں باؤلرز سے استفادہ حاصل کر سکتاہے۔
یاد رہے کہ رواں سال انگلینڈ کے نئے کپتان بین اسٹوکس کے واپس بلائے جانے کے بعد جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے اس موسم گرما میں انگلینڈ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
40 سالہ اینڈرسن نے 17.66 کی اوسط سے 27 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 36 سالہ براڈ نے 27.17 کی اوسط سے 29 وکٹیں حاصل کیں اور میک کولم نے اس کے بارے میں شاندار انداز میں بات کی کہ وہ اس وراثت کو آگے بڑھا رہے ہیں جسے وہ اگلی نسل کے لیے چھوڑنے جا رہے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے خلاف فیصلہ کن ٹیسٹ کے بعد بات کرتے ہوئے میک کولم نے کہا کہ جیمز اور اسٹورٹ دونوں مسکرا رہے ہیں۔ یہ کتنا اچھا ہے؟ یہ دونوں باؤلرز غیر معمولی کرکٹر ہیں۔
میک کولم کا مزید کہنا تھا کہ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ جب چاہیں اپنا کیرئیر ختم کر سکتے تھے.
Advertisement