کینیڈین حکومت کی اپنے شہریوں کو پاکستان سے متصل بھارتی ریاستوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت
غیر متوقع سیکیورٹی صورت حال کے باعث کینیڈین حکومت نے اپنے شہریوں کو پاکستان سے متصل بھارتی ریاستوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کردیں ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینڈین حکومت کی جانب سے منگل کو اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔
ہدایت نامے میں شہریوں کو بھارتی ریاست گجرات، پنجاب اور راجھستان میں پاکستان سے متصل سرحدی علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سفری ہدایت نامے میں واہگہ بارڈر کی راہداری شامل نہیں جب کہ سفری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اچانک ہی کشیدگی کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے لہذا دونوں ممالک میں سفر کرتے وقت آپ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
سفری ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’اگر دونوں ممالک کے عہدیداروں کو معلوم ہوجائے کہ آپ نے حال ہی میں کسی ایک ملک کا سفر کیا ہے تو آپ سے پوچھ گچھ کی جاسکتی ہے‘۔
Advertisement
ایڈوائزری کے مطابق دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر بھارت میں احتیاط برتیں جب کہ لائن آف کنٹرول پر بھی صورت حال غیر مستحکم ہے۔
کینیڈین سفری ہدایت نامے کے مطابق ’بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں آسام اور منی پور میں متعدد عسکریت پسند اور باغی گروپ سرگرم ہیں‘۔
سفری ہدایت نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر سمیت آسام، منی پور اور مشرقی انڈیا میں ماؤنواز عسکریت پسند موجود ہیں لہذا غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
سفری ہدایت نامے میں خواتین کے لیے بھی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے جس میں خواتین کو ہدایت کی گئی ہیں کہ بھارت میں غیر ملکی خواتین کے خلاف جنسی زیادتی کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے لہذا خواتین گوا اور دہلی کے شہروں سمیت یوگا سینٹرز، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر مقامات پر ہوشیار رہیں۔
Advertisement