پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ اور پی ایس ایل کی ٹیم لاہور قلندر کے مابین 4 سالہ رفاقت اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ کہ لاہور قلندر کے ساتھ میرا سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔
محمد حفیظ نے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ چار سیزن میں لاہور قلندر کی جانب سے حصہ لیا تھا۔
حفیظ نے فرنچائز کے لیے چار سیزن کھیلے اور اس دوران لاہور نے پہلی بار 2022 میں پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا جہاں وہ فائنل میں پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
Advertisement
My journey comes to an end with @lahoreqalandars here. Thanks for the amazing last 4 years of learnings & success. I will always cherish the amazing memories of working together. Wish u all the best for future endeavours.
— Mohammad Hafeez (@MHafeez22) November 5, 2022
سابق پاکستانی انٹرنیشنل آل راؤنڈر 42 سالہ محمد حفیظ نے فائنل میں 46 گیندوں پر 69 رنز بنائے اور پھر اپنی نپی تلی بولنگ سے 23 رنز کے عیوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت فائنل میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دی۔
محمد حفیظ نے کہا کہ اپنے اس چار سالہ سفر کے دوران فرنچائز کے ساتھ انتہائی اچھے دن گزارے یہ سفر بے حد حسین تھا۔
Advertisement
سابق کپتان نے کہا کہ میں لاہور قلندر کا شکر گزار ہوں اور فرنچائز کے مستقبل کے لیے نیک تمنائیں دل میں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے بھی پشاور زلمی کی فرنچائز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، کامران اکمل گزشتہ سات سیزن سے پشاور زلمی کی ٹیم کا حصہ تھے۔
Advertisement