قطر نے فیفا ورلڈ کپ 2022 کی کامیابی کے لیے دوحہ میں ایک جدید ترین ’ٹیک ہب‘ قائم کیا ہے جو پورے ایونٹ کی نگرانی کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق ’ٹیک ہب‘ کے قیام کا مقصد عالمی ایونٹ کے دوران تماشائیوں پر نظر رکھنے، ہجوم بڑھنے اور اسٹیڈیم کے درجہ حرارت کو کنٹرول رکھنا ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قائم ’ٹیک ہب‘ میں سیکڑوں اسکرینوں پر مشتمل ایک بڑا ہال تعمیر کیا گیا ہے جہاں ورلڈ کپ کے میچز پر براہ راست نگرانی کی جائے گی۔
ایک اندازے کے مطابق دنیائے کھیل کے شہنشاہ فٹ بال کے عالمی ایونٹ کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے 1.2 ملین سے زیادہ شائقین کی قطر آمد متوقع ہے۔
Advertisement
ٹیک ہب میں 100 سے زیادہ تکنیکی ماہرین پورے ایونٹ کے دوران کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں 24 گھنٹے میچز کی نگرانی کریں گے، ٹیک ہب میں نصب اسکرینیں 2 لاکھ یونٹس پر مشتمل ہوں گی جس سے ان اسکرینوں کی شفافیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ٹیک ہب کی اسکرینوں پر بصری نشریات کے لیے 22 ہزار سیکیورٹی کیمروں کی مدد لی جائے گی جو عالمی ایونٹ میں استعمال ہونے والے تمام 8 ورلڈ کپ اسٹیڈیمز کے علاوہ دیگر مقامات پر نصب ہیں۔
عالمی ایونٹ کی میزبانی کرنے والے تمام فٹ بال اسٹیڈیمز کے داخلی دروازوں کو ٹیک ہب سے کنٹرول کیا جائے گا، اور اسٹیڈیم کا درجہ حرارت بھی ٹیک ہب کی ذمہ داری ہو گا۔
فیفا ورلڈ کپ میں فائنل سمیت 10 میچوں کی میزبانی کرنے والے 80 ہزار تماشائیوں کو اپنے اندر سمونے والے اسٹیڈیم میں داخلی دروازوں پر چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کا استعمال کی جائے گی، تاکہ غیر متعلقہ شخص اسٹیڈیم میں داخل نہ ہو سکے۔
Advertisement
منتظمین کے مطابق فٹ بال کے اس عالمی ایونٹ کو کامیاب ترین بنانے کے لیے سائبر سیکیورٹی سے لے کر انسداد دہشت گردی اور ٹرانسپورٹ کے ماہرین قطر اور فیفا حکام کے ساتھ تعینات ہوں گے۔
ٹیک ہب کے ڈائریکٹر حماد احمد المہنادی کا کہنا ہے کہ مرکزی سینٹر میں نصب سیکڑوں اسکرینز میں تمام اسٹیڈیمز کی نگرانی صرف ایک کلک پر میسر ہو گی۔
حماد احمد کا کہنا تھا کہ مرکزی پلیٹ فارم کے ذریعے شائقین اور کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہم پوری طرح تیار ہیں۔
ٹیک ہب کے تکنیکی ماہرین کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کا جدید ترین سینٹر ہمارا مستقبل ہے جو کھیلوں کے عالمی ایونٹس کا احاطہ کرنے کا آغاز ہے، واضح رہے کہ تکنیکی ماہرین میں کچھ نے 2006 کے ایشین گیمز میں پردے کے پیچھے کام کیا ہے جس کی میزبانی قطر نے کی تھی۔
Advertisement
ورلڈ کپ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا جدید ترین تصور ہے جس میں تمام اسٹیڈیم کو ایک ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے اس سے سیکیورٹی حکام اور منتظمین کے درمیان معلومات کے تبادلے کو مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
ٹیک ہب کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر نیاس عبدالرحمن نے کہا کہ ہمارے پاس ہجوم کو کنٹرول کرنے اور سیکیورٹی عملے پر مشتمل ایک بہترین ٹیم موجود ہے، اور ہم ڈیٹا کے ساتھ ٹیک ہب میں فیصلہ سازی کی تکمیل کریں گے یہ ایک انوکھا تجربہ ہو گا۔
عبدالرحمن نے کہا کہ اس سینٹر میں نصب اسکرینوں کے ذریعے ہم ایک جگہ موجود افراد کی تعداد معلوم کر سکتے ہیں اور اگر کسی مخصوص علاقے میں 100 سے زیادہ افراد موجود ہیں تو پھر فوری طور پر ان کی موجودگی کے جواز کی جانچ کے بعد بھیڑ کو ختم کر دیا جائے گا۔
Advertisement