وزارت صحت کا مزید 40 ہزار ٹیسٹ کرنے کا اعلان ، 491 نئے مریض ، 815 صحتیاب ، ایک چل بسا
(وام) ۔۔ وزارت صحت و تحفظ نے ملک میں کووڈ 19 کے مزید 40 ہزار ٹیسٹ انجام دینے کا اعلان کردیا – وزارت کی طرف سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق اس وائرس وباء کے متاثرین کی جلد تشخیص اور ان کے بروقت علاج کے سلسلے میں اضافی ٹیسٹ کیئے جانے کا عمل جاری ہے ۔ اس مہم کے نتیجے میں کورونا وائرس کے نئے 491 مریض سامنے آئے جس سے ملک میں اس وباء کے کل مریضوں کی تعداد 41 ہزار 990 ہوگئی ۔ نئے مریض مختلف قومیت کے ہیں اور ان سب کی حالت سنبھلی ہوئی جبکہ انہیں ضروری علاج معالجہ میسر کیا جارہا ہے – وزارت کے مطابق کووڈ 19 کی وجہ سے صحت مسائل میں پیچیدگی پیدا ہونے کی وجہ سے ایک اور مریض چل بسا جس سے کل وفات پانے والوں کی تعداد 288 ہوگئی ہے ۔ وزارت نے مرنے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے جبکہ زیر علاج مریضوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے – وزارت نے کہا ہے کہ اس مرض کے زیر علاج مریضوں میں سے مزید 815 مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں جس سے اس بیماری سے مکمل صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 761 ہوگئی ہے