
افغانستان کے لیے ایک بار پھر سے برا خواب ثابت ہونے والے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ افغانستان سے جیت کے بعد جذباتی ہو گئے، کرکٹر کو والدہ کی یاد ستانے لگی۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے نسیم شاہ کے خوب چرچے ہو رہے ہیں، نسیم شاہ نے پاکستان کو دوسرا ون ڈے میچ افغانستان سے جتا کر پاکستانی کرکٹ شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔
دوسری جانب جیت کا جشن مناتے ہوئے نسیم شاہ نے اپنی والدہ کا ذکر چھیڑ دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے جیت کا جشن مناتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کے اختتام میں نسیم شاہ اپنی والدہ کا ذکر کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پوری ٹیم نسیم شاہ کو سراہ رہی ہے اور مبارکباد دے رہی ہے، جس پر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ ’میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ کاش آج یہ میری ماں دیکھ سکتیں، مجھ سے کچھ بولا نہیں جا رہا۔‘

دوسری جانب اگر بات کی جائے نسیم شاہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی تو وہاں انہوں نے ایک خاکہ اپنی اسٹوری پر شیئر کیا ہے۔
اس خاکے میں نسیم شاہ کو جیت کا جشن مناتے اور اُن کی والدہ کو پاس کھڑے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کا پاکستان کے خلاف ون ڈے میچ جیتنے کا خواب پھر ادھورا رہ گیا۔
سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔
افغانستان کا دیا گیا 301 رنز کا ہدف پاکستانی ٹیم نے آخری اوور میں حاصل کر لیا، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے آخری اوور میں 11 رنز بنائے اور جیت پاکستان کے حصے میں ڈال دی۔