
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے مزاحیہ انداز میں کہا ہے کہ سنسنی خیز میچز کے آخر میں بیٹنگ کرنے سے مجھے ہارٹ اٹیک کا خطرہ رہتا ہے۔
افغانستان کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرا ون ڈے میچ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ میں مشکل صورتحال میں خود پر یقین رکھتا ہوں، جب میں کھیلنے گیا تب شاداب کریز پر تھے اور یقین تھا وہ میچ ختم کریں گے۔
نسیم شاہ نے کہا کہ جب شاداب خان آؤٹ ہوئے تو میرے دل میں آیا وہی بولر ہے تو میں آج بھی میچ جتوا سکتا ہوں، خوشی کی بات ہے ہم میچ اور سیریز دونوں جیتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں مسلسل بیٹنگ پریکٹس کرتا ہوں کیونکہ مجھے مشکل صورتحال میں بیٹنگ ملتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نسیم شاہ ایک مرتبہ پھر افغانستان کے سامنے دیوار بن گئے تھے اور انہوں نے ذمے داری کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو آخری اوور میں میچ جتوا دیا تھا۔