
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں ایک آدمی نے گرل فرینڈ اور اس کے خاندان کی جانب سے بلیک میل کیے جانے کے بعد فیس بک لائیو کے دوران خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 38 سالہ آدمی منیش نے فیس بک پر لائیو سیشن میں یہ بتایا کہ ایک 19 سالہ لڑکی کاجل اور اس کے خاندان نے اس سے 5 لاکھ بھارتی روپے کی ڈیمانڈ کی ہے اور ساتھ ہی یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر میں نے اُنہیں یہ رقم نہیں دی تو وہ لوگ مجھ پر جنسی زیادتی کے الزامات عائد کرکے مقدمہ دائر کر دیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 19 سالہ کاجل مبینہ طور پر منیش کی گرل فرینڈ تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کاجل 6 ستمبر کو اپنے گھر سے لاپتہ ہوئی تھی جس پر اس کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ منیش کے ساتھ بھاگی تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 38 سالہ منیش ایک شادی شدہ آدمی ہے اور تین بچوں کا باپ بھی ہے، اس نے کاجل اور اس کے خاندان کی طرف سے ہراساں کیے جانے کے بعد دریا میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ منیش نے اپنے فیس بک لائیو سیشن میں کاجل کے ساتھ کسی بھی قسم کے جسمانی تعلقات کے دعوؤں کی تردید بھی کی اور اپنی خودکشی کا ذمہ دار کاجل، اس کے خاندان اور ایک فوٹو اسٹوڈیو آپریٹر کو ٹھہرایا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فیس بک لائیو ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور دریا سے منیش کی لاش برآمد کرنے کے بعد اس معاملے میں 4 لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔