
بھارتی اداکارہ دیشا پاٹنی نے اپنے آنجہانی ساتھی اداکار شوشانت سنگھ کیلئے فلم "مہندرا سنگھ دھونی: دی اَن ٹولڈ اسٹوری” کی ریلیز کے 7 سال بعد ایک درد بھرا پیغام لکھا ہے۔
اداکارہ دیشا پاٹنی نے اپنے انسٹاگرام پر اس فلم میں سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلمائے گئے اپنے ایک سین کا کلپ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہندی سنیما میں میری پہلی فلم کے یہ خوب صورت لمحات تھے، اس خوبصورت سفر پر میں آپ کی شکرگزار ہوں۔‘
دیشا پاٹنی نے سشانت کو یاد کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ایسے لوگوں سے پورے دل سے پیار کریں اور ان کی قدر بھی کریں جو آپ کو خوش اور محفوظ رکھتے ہیں۔
اپنے پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ زندگی افسوس کےلیے بہت مختصر ہے ہم آپ کو الوداع نہیں کہہ سکے مگر مجھے اُمید ہے کہ آپ خوش اور سکون سے ہوں گے۔
اداکارہ کی اس پوسٹ کو فلم انڈسٹری کے بڑے اداکاروں نے بھی خوب پسند کرتے ہوئے اس پر اپنے تبصرے کیے۔
بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے اپنے پیغام میں دیشا پاٹنی اور سشانت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت ہی زبردست سین تھا یہ آپ دونوں بہت اچھے لگ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت 2020ء میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔