
بالی ووڈ اداکار اور سابق ماڈل راہول دیو نے کہا ہے کہ انہیں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ کی فلم جوان کی دنیا بھر کے باکس آفس پر متاثر کن کارکردگی پر حیرت نہیں ہوئی۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کنگ خان کے سینٹ کولمبیا اسکول دلی کے زمانے کے دوست 55 سالہ راہول دیو نے بھارتی میڈیا سے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کہا کہ ہم دونوں نے ایک ساتھ کرکٹ کھیلی۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ وکٹ کیپر اور میں فاسٹ بولر ہوتا تھا، وہ اسکول میں میرے سینئر تھے اور انہوں نے تلوار کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ جو کہ اس اسکول کے غیرمعمولی طلبہ کے حصے میں آتا تھا۔
راہول نے کہا کہ میں نے انہیں اسکول کے دور سے ہی دیکھا وہ بہترین ہونے کے ساتھ بہت پرعزم بھی تھے اور ہر شعبے میں سبقت لے جاتے تھے۔
وہ نہ صرف تعلیم بلکہ دیگر کھیل جیسے فٹبال، ہاکی اور کرکٹ میں اپنے ساتھیوں کو متاثر کیا کرتے تھے، میں سمجھتا ہوں کہ آئندہ ہزار برسوں میں کوئی شاہ رخ خان نہیں آئے گا۔
فلم جوان کی کامیابی پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے حیرت نہیں ہوئی، یہ پہلے ہی ہوجانا تھا، میں تو کہوں گا کہ خان صاحب نے یہ بہت پہلے کرلینا چاہیے تھا۔
راہول نے کہا کہ ہمیں اپنے پرانے ساتھی پر فخر ہے، میں سمجھتا ہوں کہ خدا نے انہیں ہر قسم کی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔