یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سےپاکستان قونصلیٹ دبئی میں تقریب کا انعقاد
یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان قونصل خانہ دبئی میں تقریب کا انعقاد۔
کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی۔![]()
دبئی(نیوزڈیسک)::پاکستان کشمیر کے منصفانہ کاز کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی طور پر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور نوجوان طبقہ تمام پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کرے بالخصوص آج کی ڈیجیٹل دنیا میں ہمارے نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا چاہیے تاکہ دنیا کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد سے آگاہ ہو۔ان خیالات کااظہارقونصل جنرل حسین محمد نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔ جس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ یہ دن بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی مسلسل جدوجہد کی نشاندہی کرتا ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل حسین محمد نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر حل طلب مسئلہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔ قونصل جنرل نے کہا،کہ لوگ سات دہائیوں سے مسلسل مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔”
تقریب کے دوران صدر اور وزیراعظم پاکستان کے کشمیری یوم سیاہ پر پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جس میں کشمیریوں کی حمایت کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تقریب کے دوران کشمیری عوم کی جدوجہد پرایک خصوصی دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔
کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں راجہ امجد کبیر،صدر چنار ونگ، ڈاکٹر شفقت محمود،ایاز کیانی، راجہ شجاعت، فا روق بانیاں، عمران علی جان، سردارشبیرخان،عتیق منہاس، آصف راٹھور،راجہ شہزاد،ارشدملک،سجادمشتاق اورآصف نورنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے حق خودارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔