شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھائے گا۔
شمالی کوریا کی مرکزی خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق صدر کِم جونگ اُن نے یہ بات گزشتہ شام کورین پیپلز ریوولوشنری آرمی کے قیام کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
صدر کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ جوہری صلاحیتوں کو تیز ترین رفتار کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری قوتوں کا بنیادی مشن کم از کم دفاعی طاقت کا حصول ہے۔
شمالی کوریا کے سربراہ نے کہا کہ اگر اُن کی سرزمین پر کوئی ناخوشگوار صورت حال پیدا ہوتی ہے تو اُن کے ملک کی جوہری قوت کسی ایک مشن تک محدود نہیں رہے گی۔
اگر کوئی طاقت شمالی کوریا کے بنیادی مفادات میں مداخلت کرنے کی کوشش کرے گی تو اُن کی جوہری صلاحیت کے پاس اپنے دیگر مشن پورے کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق اس موقع پر شمالی کوریا کے نئے بین البراعظمی میزائل ہوا سونگ 17 کی نمائش بھی کی گئی جبکہ سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق ملٹری پریڈ میں تقریباً 20 ہزار فوجی اور 250 سے زیادہ عسکری ساز و سامان شامل تھا۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل تجربات پر پابندی عائد ہے۔ اِن عالمی پابندیوں کے باوجود رواں برس کے پہلے 3 ماہ میں شمالی کوریا مختلف میزائلوں اور جاسوس سیٹلائٹس کے 13 تجربات کر چکا ہے۔