بارسلونا میں موجود قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں پاکستانی سفارتخانے نے پروقار عید ملن پارٹی منعقد کی ہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں دورہ یورپ پر بارسلونا میں موجود ہے، جہاں ان کے اعزاز میں پاکستانی سفارتخانے نے پروقار عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا ہے۔
اسپین میں موجود پاکستانی سفیر نے قومی ہاکی ٹیم کو بارسلونا میں خوش آمدید کیا جبکہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے درمیان قومی کھیل ہاکی کی قومی ٹیم موجود ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیم میں بھرپور اور نیا ٹیلنٹ موجود ہے جو مستقبل میں پاکستان کا پرچم دوبارہ سربلند کرے گا۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے مینجر خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ جس محبت سے قومی ٹیم کو خوش آمدید کہا گیا اور اس کے اعزاز میں ایک پر وقار تقریب بھی منعقد کی، اس کے لیے وہ ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی اور سفارتخانے کے شکر گزار ہیں۔