ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ٹریننگ کا آغاز کل ہوگا
لاہور: ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کل نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں رپورٹ کریں گے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز 8، 10 اور 12 جون کو ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
پہلے مرحلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی لاہور میں٘ ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ترجمان کے مطابق کیمپ کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کل نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں رپورٹ کرے گا جبکہ مشقوں کا آغاز 2 جون سے ہو گا۔
Advertisement
کھلاڑی تین روز ٹریننگ کریں گے جبکہ 5 جون کو اسکواڈ کے اراکین کی ملتان روانگی شیڈولڈ ہے۔ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کے لیے گئے ہوئے اراکین بھی کیمپ میں شامل ہوں گے۔
محمد رضوان اور حسن علی وطن واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ حارث رؤف اور شاداب کل وطن واپس پہنچ کر کیمپ میں رپورٹ کردیں گے۔
دوسری جانب پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں کھلاڑیوں کو ‘جارحانہ کرکٹ’ کھیلنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جارحانہ انداز اپنائیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بورڈ نے کوچز کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اسی کے مطابق کھلاڑیوں کو تیار کریں اور ہوم ورک میں اسپن کے خلاف بیٹنگ اپروچ کو بھی مضبوط کریں۔