امام الحق ون ڈے میں مسلسل نصف سنچریاں اسکور کرنے والے دوسرے بلے باز
قومی ٹیم کے بیٹر امام الحق ون ڈے میں مسلسل نصف سنچریاں اسکور کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔
گذشتہ روز ملتان میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ کھیلا گیا جس میں ایک مرتبہ پھر امام الحق نے نصف سنچری اسکور کرڈالی۔
انہوں نے 68 گیندوں پر 62 رنز اسکور کیے جبکہ ون ڈے میں یہ ان کی مسلسل چھٹی نصف سنچری ہے جس کے بعد وہ مسلسل نصف سنچریاں اسکور کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔
امام الحق نے اس سے قبل میچز میں 56، 103، 106، 89، 65 اور 72 رنز اسکور کیے تھے جبکہ انہوں نے مارک وا، گورڈن گرینیج، اینڈریو جانس، محمد یوسف، کرس گیل، شائی ہاپ، پال اسٹرلنگ، روس ٹیلر اور کین ولیمسن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
Advertisement
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم یہ ریکارڈ بنانے میں صرف ایک نصف سنچری سے پیچھے رہ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میاں داد نے مسلسل 9 میچز میں نصف سنچریاں اسکور کی ہیں اور وہ تاحال سب سے آگے ہیں۔
خیال رہے کہ 14 سال بعد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان بین الاقوامی تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گئی جس میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو کلین سوئپ کردیا۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 5 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے 120 رنز کے بڑے مارجن سے کالی آندھی کو چت کیا اور تیسرے میچ میں پاکستان نے 53 رنز سے کامیابی سمیٹی۔
سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی امام الحق کے نام رہا تھا، انہوں نے لگاتار تینوں میچز میں نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔