یوکرینی صدر زیلینسکی نے یوکرینی شہر اوڈیسا پر روسی میزائل حملوں کو روس کی دانستہ دہشت سے تعبیر کیا ہے۔
اپنے ویڈیو خطاب میں یوکرینی صدر زیلینسکی نے جمعہ کے روز ملک کے جنوبی علاقے اوڈیسا میں ہونے والے روسی میزائل حملوں کی مذمت کی ہے۔
زیلینسکی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ایک عام رہائشی عمارت پر تین میزائل گرے۔ یہ ایک نو منزلہ عمارت تھی جس میں کسی نے کوئی ہتھیار، فوجی آلات یا اسلحہ نہیں چھپایا ہوا تھا۔ روسی پروپیگنڈہ کرنے والے حکام ہمیشہ اس طرح کے حملوں کی توجیح پیش کرتے ہوئے دعویٰ کرتے ہیں۔
کیف حکومت کا مزید کہنا تھا کہ روس نے سویلین اہداف پر اپنے طویل فاصلے سے مارکرنے والے میزائلوں کے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب، روس کا کہنا ہے کہ وہ ملٹری اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے۔
Advertisement
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے حوالے سے کہا کہ روسی مسلح افواج سویلین اہداف کے ساتھ اپنی کوئی تنصیبات نہیں رکھتیں۔
علاوہ ازیں یوکرین کے ایک جنوبی شہر مائیکولائیف میں آج ہفتہ دو جولائی کی صبح زور دار دھماکے سنے گئے ہیں۔ ایک روز قبل، مائیکولائیف کے قریبی شہر اوڈیسا میں روسی میزائل حملوں کے نتیجے میں کم از کم اکیس افراد مارے گئے تھے۔
اس حوالے سے مائیکولائیف کے میئر اولیکسانڈر سینکیوچ نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر لکھا کہ شہر میں طاقت ور دھماکے ہو رہے ہیں، عوام محفوظ جگہوں پر رہیں۔