دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اس پاکستانی نوجوان سے جلد ملاقات کے خواہشمند ہیں جس نے لوگوں کو حادثات سے بچانے اور ان کی سہولت کے لیے کچھ ایسی نیکی کی کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے سب کی نظروں میں آ گئے۔
ایک کار سوار شخص نے اُن کے اس نیک کام کو اپنے موبائل کیمرے سے محفوظ کر لیا تھا۔ گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر یہ وڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ہیلمٹ پہنے ایک نوجوان کو سڑک پر سے کنکریٹ کے دو بلاکس ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ وڈیو منظرعام پر آنے کے بعد بے شمار لوگوں نے اس نوجوان کے جذبے کو سراہا۔ انہی لوگوں میں دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم بھی شامل تھے۔ انہوں نے اس نوجوان کی تعریف کرتے ہوئے اس سے جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس وڈیو کو شیئر کرتے ہوئے پاکستانی نوجوان کی نیکی کو سراہا اور لکھا کہ دبئی میں ہر اچھے کام کو سراہا جائے گا۔ کوئی اس شخص کی نشاندہی کر سکتا ہے؟ تھوڑی دیر بعد انہوں نے پوسٹ کیا کہ اس اچھے انسان کا پتا چل گیا ہے۔ بہت شکریہ عبدالغفور، آپ مہربان لوگوں میں سے ہیں، آپ سے جلد ملاقات ہوگی۔
Advertisement
An act of goodness in Dubai to be praised. Can someone point me to this man? pic.twitter.com/clEIWQQe3A
— Hamdan bin Mohammed (@HamdanMohammed) July 31, 2022
نوجوان کی شناخت عبدالغفور کے نام سے ہوئی جو دبئی میں ڈیلیوری رائیڈر کے طور پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ وہ ایک آرڈر پہنچانے نکلے تھے اور ایک سگنل پر انتظار کرتے ہوئے انہیں سڑک کے بیچوں بیچ کنکریٹ کے بلاکس پڑے نظر آئے۔ ان کی وجہ سے ایک ڈرائیور کار پر بمشکل قابو رکھ پایا جس پر انہیں احساس ہوا کہ کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے انہوں نے فوری طور پر بلاکس کو سڑک سے ہٹا دیا۔ انہوں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ کوئی بڑا کام کرنے جا رہے ہیں۔
عبدالغفور جس کمپنی کے لیے کام کرتے ہیں، اس کمپنی نے انعام کے طور پر انہیں ایئر ٹکٹ دیا ہے تاکہ وہ اپنے گھر جا سکیں اور بیٹے کے ساتھ وقت گزار سکیں۔ 27 سالہ عبدالغفور کے مطابق انہوں نے اپنے بیٹے کو تب دیکھا تھا جب وہ چند ماہ کا تھا۔
Advertisement