بھارت کے مسلمان لیڈر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ ایک دن بھارت کی وزیر اعظم حجاب پہننے والی خاتون بنے گی۔
تفصیلات کے مطابق بی جے پی کے شہزاد پونا والا نے اسد الدین اویسی سے پوچھا کہ حجاب پہننے والی لڑکی اے آئی ایم آئی ایم کی صدر کب بنے گی؟ جس کے جواب میں انہوں نے نے کہا ایک دن حجاب پہننے والی خاتون بھارت کی وزیر اعظم بنے گی۔
بی جے پی نے اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی پر ان کے اس تبصرہ پر طنز کیا اور کہا کہ وہ ایک حجاب پوش خاتون کو ہندوستان کا وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔
گزشہ روز کرناٹک کے بیجاپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے یہ بھی کہا تھا کہ بی جے پی سیکولرازم کو ختم کرنا چاہتی ہے اور وہ ملک میں سب کے لیے یکساں مواقع کے خلاف ہے۔
Advertisement
اسد الدین اویسی کے اس بیان پر بی جے پی کے شہزاد پونا والا نے کہا کہ اسد الدین اویسی امید کرتے ہیں کہ ایک حجاب پہننے والی لڑکی ہندوستان کی وزیر اعظم بنے گی۔
شہزاد پونا والا نے کہا کہ ٹھیک ہے آئین کسی پر وزیر اعظم بننے کی پابندی نہیں لگاتا، لیکن ہمیں بتائیں کہ حجاب پہننے والی لڑکی اسد الدین اویسی کی پارٹی کی صدر کب بنے گی۔
اپنی پریس کانفرنس میں اسد الدین اویسی نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی پر سپریم کورٹ کے الگ الگ فیصلے کا حوالہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے جج نے کہا کہ مسلمان لڑکیوں کے لیے تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے اور اگر وہ حجاب پہن کر تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں تو یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
سپریم کورٹ کے جج کے اس ریمارکس پر اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی مثبت فیصلہ ہے۔
واضح رہے کہ حجاب کا معاملہ اب ایک مناسب بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس آف انڈیا کے پاس ہے۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ بی جے پی کا خیال ہے کہ انہیں حلال گوشت، مسلمانوں کی ٹوپیوں اور داڑھیوں سے خطرہ ہے۔ انہیں ہماری کھانے کی عادات کے ساتھ مسائل ہیں اور بی جے پی پارٹی مسلم شناخت کے خلاف ہے۔