ابوظہبی کے داخلی مقامات پر کووڈ 19 کی ٹیسٹنگ کیلئے ڈرائیو تھرو مراکز کا قیام
کورونا وائرس کی سکریننگ کیلئے مزید سات نئے ڈرائیو تھرو مراکز کا قیام
ابوظہبی (وام نیوز) ۔۔ متحدہ عرب امارات بھر میں کورونا وائرس کی سکریننگ کیلئے مزید سات نئے ڈرائیو تھرو مراکز کا قیام عمل میں آگیا ہے – ابوظہبی ہیلتھ سروس کمپنی ، صیحہ کی ایمبولیٹری ہیلتھ کیئر سروس کی طرف سے منگل کو کئے جانے والے اعلان کے مطابق منتخب ڈرائیو تھرو سکریننگ مراکز کے مقامات سے ابوظہبی میں داخل ہونے والے لوگوں کیلئے لیزر پر مبنی ڈی پی آئی ٹیسٹنگ (خون کا ٹیسٹ) لینے کا آغاز کردیا گیا ہے – اس بارے میں صیحہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلے مرحلے میں جن سات مقامات پر یہ سکریننگ مراکز قائم ہوئے ہیں وہ ابوظہبی کارنیش اور زاید سپورٹس سٹی ، العین میں الھیلی اور منی رشید ، الخوانیج ، راس الخیمہ اور فجیرہ کے قومی سکریننگ مراکز میں قائم کئے گئے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ابوظہبی میں داخلے کے خواہشمند افراد صیحہ کی ایپ پر 50 درہم فیس کے ساتھ اس کی بکنگ کراسکتے ہیں ۔ اس ٹیسٹ میں خون کا چھوٹا سے نمونہ لے کر منٹوں میں اس کا رزلٹ دیا جائے گا ، اس ٹیسٹ کے نتیجے میں اگر یہ ظاہر ہوا کہ مزید تشخیص کیلئے سواب کی ضرورت درکار نہیں تو اس فرد کو ایس ایم ایس وصول ہوگا جس کے بعد وہ 48 گھنٹوں کے اندر ابوظہبی میں داخل ہونے کا اہل ہوگا – بیان میں کہا گیا ہے کہ خون نمونہ کے بعد اگر ظاہر ہوا کہ ناک کے سواب کا نمونہ لیا جانا ضروری ہے تو وہ اسی وقت انجام دیا جائے گا اور صارف کو طبی نتیجہ آنے تک خود کو سب سے الگ کرنا ہوگا – اس نئی سروس سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے اے ایچ ایس میں چیف آپریشنز آفیسر ڈاکٹر نورا الغیثی کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد امارت میں آنے والوں کو سفری سہولت میسر کرنا ہے ۔ انہوں نے عوام کو کہا ہے کہ اس کیلئے صرف اپنی سہولت کے مطابق صیحہ ایپ پر بکنگ کرانا ہوگی اور اپنی گاڑی میں رہتے ہوئے یہ ٹیسٹ کرایا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اس سہولت کو نئے مقامات پر تک جلد توسیع بھی دیدی جائے گی – ابوظہبی اور العین میں ڈرائیو تھرو سکریننگ مراکز ہفتہ سے جمعرات تک صبح 8 سے رات 8 بجے تک کام کریں گے جبکہ امارت کے شمالی مقامات پر یہ سہولت ہفتے کے ساتوں دن دن 10 بجے سے رات 8 بجے تک دستیاب ہوگی