وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ ۔
ابوظہبی(نیوزڈیسک)::پاکستان کے وزیر خارجہ نے آج ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
ہز ہائینس شیخ عبداللہ نے بلاول بھٹو زرداری کا ابوظہبی میں استقبال کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے گرانقدر تعاون کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹونے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے بھائی عزت مآب شیخ سعید بن زاید کے افسوسناک انتقال پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور متحدہ عرب امارات کو خطے میں ایک قابل اعتماد ترقیاتی پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے۔دونوں اطراف نے دبئی میں 2023 کے آخر میں کوپ 28 کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کی سربراہی میں اس کے کامیاب نتائج پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقے تلاش کیے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرمتحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرفیصل نیازترمذی بھی موجودتھے