آسٹریلیا میں عمر رسیدہ افراد کی گھروں میں دیکھ بھال اب بوجھ بنتی جا رہی ہے، بے شمار عمر رسیدہ افراد مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت لیبر پارٹی نے اعلان کیا کہ جولائی 2017 سے اب تک 50 ہزار سے زائد عمر رسیدہ افراد جو گھر کی دیکھ بھال کی خدمات کا انتظار کر رہے تھے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
آسٹریلین اخبار کی خبر کے مطابق لیبر پارٹی کی اہم شخصیات میں سے ایک مارک بٹلر نے اس صورتحال کو ایک ’المیہ‘ اور ’ شرمناک ‘ قرار دیا ہے۔
بٹلر نے کہا ہے کہ گھر کی دیکھ بھال کی خدمات کے منتظر افراد تک رسائی میں تاخیر صحت کے نظام میں بحران کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر آسٹریلوی اپنے گھروں میں بوڑھا ہونا چاہتے ہیں لیکن موجودہ نظام جو ان کی مدد کرے وہ بحران کا شکار ہے۔
بٹلر نے کہا کہ ہزاروں عمر رسیدہ افراد اپنے اپنے گھروں میں دیکھ بھال کے خواہاں ہیں جولائی 2017 سے اب تک 50 ہزار سے زاہد بوڑھے افراد اس انتظار میں موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔
بٹلر نے مزید کہا کہ گھریلو نگہداشت کی خدمات میں تاخیر کو ختم کرنے کے لیے مخلوط حکومت کے قائم کردہ قومی ترجیحی نظام کے اعداد و شمار کے مطابق، حالیہ برسوں میں اہم پیش رفت کے باوجود تاخیر ہو رہی ہے جبکہ حکومتی ونگ کا موقف ہے کہ اپوزیشن کی تنقیدغیر منصفانہ اور بے جا ہے۔