لیبیا کے مغربی شہر الزاویہ میں مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپوں سے ملک کی مرکزی آئل ریفائنری کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
نیشنل آئل کارپوریشن نے ہفتے کے روزایک بیان میں اعلان کیا کہ جُمعہ کی شام ہونے والی مسلح جھڑپوں کی وجہ سے ایک ریفائنری میں 29 سائٹس بشمول آئل ڈیریویٹوز ٹینک اور کئی دیگر ٹینکوں کو مختلف نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ اب مرمت کرنے والی ٹیمیں اِن ٹینکوں کی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔
الزاویہ شہر میں جمعہ کی رات متحارب گروہوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئی تھیں جن کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان بھی ہوا تاہم حکومت اِن جھڑپوں پر کسی تبصرے سے گریزاں ہے۔
اس تناظر میں نیشنل آئل کارپوریشن نے زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور تیل کی تنصیبات کو کسی بھی مسلح کارروائی سے دور رکھیں جس سے مزدوروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو اور تیل کے شعبے کے پہلے سے خستہ حال انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جھڑپوں کے نتیجے میں الزاویہ شہر میں تیل کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ الزاویہ شہر پرمسلح ملیشیا کا کنٹرول ہے اوران کے متضاد تعلقات ہیں اور اثر و رسوخ اور اسمگلنگ کے راستوں پر مسلسل لڑ رہے ہیں۔
الزاویہ شہر دارالحکومت طرابلس سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہاں ایک وسیع آئل کمپلیکس واقع ہے جس میں لیبیا کی سب سے بڑی آپریٹنگ آئل ریفائنری بھی شامل ہے۔ شرارا فیلڈ سے منسلک اس آئل ریفائنری کی پیداواری صلاحیت تقریباً 3 لاکھ بیرل یومیہ ہے۔