یونان میں خطرناک مواد لے جانے والا مال بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کلے مطابق یونان کے شمال مشرق میں واقع شہر کوالا کے قریب پیلیوکوری نامی گاؤں میں کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
اس حوالے سے سربیا کے وزیر دفاع نیبوجا اسٹیفانووک کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ یوکرین کی ایک مقامی کمپنی کی ملکیت تھا۔حادثے کے وقت طیارے میں عملے کے 8 افراد سوار تھے جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طیارے میں تقریباً 11 ٹن ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ بارودی سرنگیں بھی تھیں۔ اس سارے اسلحے اور بارودی مواد کو بنگلہ دیش بھیجا گیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد جائے حادثہ پر آگ کا بڑا سا گولہ دکھائی دیا جب کہ 2 گھنٹوں تک دھماکوں کی آّوازیں سنی گئیں۔طیارے میں ممکنہ طور پر کسی بھی زہریلے اور تابکار مواد کی موجودگی کے خدشے کے پیشِ نظر مقامی آبادی کو جائے وقوعہ سے ہٹادیا گیا ہے۔
Advertisement
حادثے کی جگہ سے شدید بدبو آنے پر میونسپل انتظامیہ ، پولیس اور فائر سروس کے اہلکاروں پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی نے ملحقہ علاقوں کے مکینوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو کہا۔
حکام کا کہنا تھا کہ وہ گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں اور ماسک کے بغیر گھروں سے نہ نکلیں۔