انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی جوز بٹلر، معین علی اور لیام لیونگسٹون بھی جنوبی افریقہ کی نئی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ جوز بٹلر، لیام لیونگسٹون، معین علی اور جیسن ہولڈر نے جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے نئے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں کھیلنے کے لیے سائن اپ کر لیا ہے.
واضح رہے کہ نئی لیگ کی سربراہی گریم اسمتھ کریں گے اور اس لیگ میں کل چھ فرنچائزز حصہ لیں گی جن میں سے ہر ایک کے پاس کھلاڑیوں کے حصول کے لیے 2 ملین ڈالرز کا بجٹ ہو گا۔
نئی ٹی ٹوئنٹی لیگ کی تاریخیں ابھی تک طے نہیں ہوئیں لیکن ٹورنامنٹ 11 جنوری کو شروع ہونے کا امکان ہے اور فائنل 12 فروری کو کھیلا جائے گا۔
Advertisement
جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نہ صرف اس نئی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا انعقاد کرے گا بلکہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل لیگ کی بھی باگ دوڑ انہیں کے حوالے ہو گی، جو 6 جنوری سے 12 فروری کے درمیان منعقد کی جائے گی۔
دونوں لیگز کا شیڈول آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے شیڈول کے ساتھ متصادم ہیں، لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز کے لیے پیسے سے بھرپور مصروف سیزن ہو گا۔
متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل لیگ نے تو کھلاڑیوں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے تجوریوں کے منہ کھول دیئے ہیں، اور کہا جا رہا ہے کہ اس لیگ میں فی کھلاڑی کو ساڑھے چار لاکھ امریکی ڈالرز دیئے جائیں گے۔
ادھر کرکٹ جنوبی افریقہ اپنی نئی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں آئی پی ایل طرز کا ماڈل اپنانے کی تیاریاں کر رہی ہے جس کے مطابق ہر ٹیم میں 7 مقامی اور 4 غیر ملکی کھلاڑی پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے۔
کرکٹ ویب سائٹ نے ایک رپورٹ کے مطابق بتایا کہ کرکٹ جنوبی افریقہ کی کرکٹ لیگ کو سالانہ 1 ملین ڈالر کی آمدنی کی ضمانت دی جائے گی۔
تاہم جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ابھی تک کھلاڑیوں کی سیلری کیپس اور نیلامی کی تاریخوں پر کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
Advertisement